فیصل آباد (ویب ڈیسک)

فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے ترک سائپر س چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر ترگے ڈینیز اور صدر ترک سائپرس چیمبر آف انڈسٹری کے صدر علی کماسیو گیلو اور ترک سائپرس کی سفیر دلشاد سینول کو فیصل آباد میں ہونے والی پاکستان اکنامک کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ اِس کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی وہ ایک زوم کانفرنس پر خطاب کررہے تھے جس میں اسلام آباد میں ترک سائپرس کی سفیر دلشاد سینول نے بھی شرکت کی۔ عاطف منیر شیخ نے کہا کہ فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کی 2اہم ترین صنعتی علاقے تعمیر کئے گئے ہیں جہاں مقامی صنعتکاروں کے علاوہ چینی، ترک اور یورپین سرمایہ کار صنعتیں لگا رہے ہیں جبکہ ان میں سے بہت سے یونٹ پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترک سائپرس کے درمیان دو طرفہ تجارت نہ ہونے کے برابر ہے جس میں فوری اضافہ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبوں میں براہ راست رابطوں کیلئے فیصل آباد اکنامک کانفرنس کلیدی کردار ادا کرے گی۔ فیصل آباد چیمبر کے صدر نے کہا کہ ترک سائپرس کے سرمایہ کاروں کو فیصل آباد میں ڈیر ی مصنوعات کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنی چاہیے جبکہ اس سلسلہ میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات بھی موجود ہیں۔ انہوںنے ترک سائپرس کے سرمایہ کاروں کی مقامی صنعتکاروں سے براہ راست ملاقاتوں کا انتظام کرنے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اس سے باہمی تجارتی حجم کو بھی بڑھایا جا سکے گا۔ ترک سائپرس کے دونوں چیمبرز کے صدور نے کہا کہ اگر ممکن ہوا تو وہ فیصل آباد آنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاہم انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکاروں کو دوبئی میں لگائی جانے والی بین الاقوامی سطح کی نمائشوں میں شرکت کرنی چاہیے جہاں ترک سائپرس کے تاجرا ور صنعتکار بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت سے قبل دونوں ملکوں کے چیمبرز کو آپس میں رابطے بھی رکھنے چاہئیں تاکہ متعلقہ سیکٹر کے لوگوں کی ملاقاتیں کرائی جا سکیں۔ترک سائپرس کی سفیر محترمہ دلشاد سینول نے پاکستان کی معیشت میں فیصل آباد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے ہر قسم کی سہولتیں مہیا کریں گی۔

 

By Editor