سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن کا آئی سی سی آئی کا دورہ
حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیمی ایزدی
ماحول دوست ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے حکومت نجی شعبے سے تعاون کرے۔ محمد شکیل منیر
تاجر برادری مزید پودے لگا کر ماحول کو بہتر کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ جمشید اختر شیخ، فہیم خان

اسلام آباد (ویب نیوز )

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سیمی ایزدی نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور معیشت مضبوط ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کاروباری برادری کو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے اور ملک میں صحت مند ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
سیمی ایزدی نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں مفید کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت تجارت و برآمدات کے فروغ میں ان کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا اور اس اہم منصوبے کی تکمیل کے لیے حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو چاہیے کہ وہ موسم بہار میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ صحت مند ماحول اور سرسبز پاکستان کے مشن کو پروان چڑھایا جا سکے۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک آلودگی کو کم کرنے کے لیے یورو 5 اور یورو 6 انجن والی گاڑیوں کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں صحت مند ماحول کو فروغ دینے کے لیے پلاسٹک بیگ ایشو، اسلام آباد میں آٹو سٹی کے قیام، ویسٹ مینجمنٹ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے سیمی ایزدی کو مقامی صنعتوں کی جانب سے صنعتی اخراج کو کم کرنے اور مقامی آب و ہوا کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ماحول دوست صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے طویل عرصے سے کوششیں کر رہا ہے تاکہ ایس ایم ایز اور بڑے صنعتی یونٹس کو اس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خطے میں مزید سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اس منصوبے کی تکمیل میں ہرممکن تعاون کرے۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے معزز مہمان کو شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کی گو گرین ڈرائیو کے بارے میں آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری سرسبز اسلام آباد کو فروغ دینے کے لیے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں مزید پودے لگائے گی
چیمبر کے سابق صدر باصر داؤد، سابق سینئر نائب صدور محمد نوید ملک اور خالد چوہدری سمیت چوہدری ندیم الدین، اشفاق چٹھہ، اخوندزادہ نعیم خان، چوہدری محمد علی، محترمہ پروین خان، اکبر صدیق چغتائی اور دیگر نے بھی تاجر برادری کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے حکومت کے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے خطے میں صاف اور سرسبز ماحول کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز بھی شیئر کیں۔

 

By Editor