افغان درآمدات کیلئے ای آئی ایف فارم کی شرط تاحکم ثانی ختم

طورخم سرحدی گزر گاہ کے دونوں اطراف پھنسی 10 ہزار سے زائد درآمدی اشیا کی گاڑیوں کی کلیئرنس شروع

طورخم(ویب  نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر کسٹم حکام نے افغان درآمدات کے لیے اسٹیٹ بینک کی الیکٹرانک امپورٹ فارم (ای آئی ایف)کی شرط تاحکم ثانی ختم کر دی۔ای آئی ایف فارم کی عدم دستیابی کے باعث طورخم سرحدکے دونوں اطراف دس ہزار سے زائد کارگوگاڑیاں پھنس گئی تھیں۔تاہم ای آئی ایف فارم کی شرط ختم ہونے کے باعث طورخم سرحدی گزر گاہ کے دونوں اطراف پھنسی 10 ہزار سے زائد درآمدی اشیا کی گاڑیوں کی کلیئرنس شروع کر دی گئی ہے۔ایڈیشنل کلکٹر کسٹم طورخم کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے 13دسمبر 2021سے افغان درآمدات کے کسٹم کلیئرنس کے لیے بینک ٹو بینک ٹرانزکشن یا ای آئی ایف کی شرط عائد کی تھی۔تاجر ضیا ء سرحدی نے کہا کہ چونکہ افغانستان کا بینکنگ نظام غیر فعال ہے اس لیے تاجروں کے پاس ای آئی ایف فارم دستیاب نہیں تھے تاہم شرط کے خاتمے سے کسٹم کلیئرنس کے عمل میں تیزی آئی ہے۔افغانستان کی کمزور معیشت کے پیش نظر پاکستانی ایکسپورٹ لوکل کرنسی میں کلیئرنس بھی زیر غور ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر نے وزارت خزانہ کو سفارشات پیش کیے ہیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں باہمی تجارت کا پہیہ چل سکے۔

By Editor