پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ‘سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں’ غلام علی
سی پیک منصوبہ چین کا پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے’ قربان علی
جدید ٹیکنالوجی و جدیداور تھری ڈی ڈیزائن طرز پر تعمیرات کے شعبے کو مزید جدت فراہم کر سکتے ہیں’لِن ہان
اسلام آباد(ویب نیوز )
سینیٹر حاجی غلام علی اور قربان علی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان کی سرمایہ کاری کے حوالے سے پالیسی میں بھی تسلسل ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  چین کی طرف سے سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے ۔ سی پیک منصوبہ اور اقتصادی زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لایا جائے ۔ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا رشتہ روح اور جسم کی مانند ہے۔یہ بات انہو ں نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آنے والے چائنہ اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپویشن کے سینئر مارکیٹنگ منیجر لِن ہان(LIN HAN) اور مارکیٹنگ منیجر زین نذر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبر و سابق نائب صدور محمد علی قائد ، محمد ریاض خٹک بھی موجود تھے ۔ سی ایس سی ای سی کے منیجران نے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ  چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن ایک عالمی سرمایہ کاری اور تعمیراتی گروپ ہے جس میں پیشہ ورانہ ترقی اور مارکیٹ پر مبنی آپریشن شامل ہے۔چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن دنیا کے 100 سے زائد ممالک اور خطوں میں کاروبار کر رہی ہے، جس میں سرمایہ کاری اور ترقی (رئیل اسٹیٹ، تعمیراتی فنانسنگ اور آپریشن)، تعمیراتی انجینئرنگ (ہائوسنگ اور انفراسٹرکچر)کے ساتھ ساتھ سروے اور ڈیزائن (سبز تعمیر، توانائی)شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی سی پیک سمیت مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیساتھ ملکر ہم جدید ٹیکنالوجی و جدیداور تھری ڈی ڈیزائن طرز پر تعمیرات کے شعبے کو مزید جدت فراہم کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر سارک چیمبر کے نائب صدر و ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر سینیٹر حاجی غلام علی اور ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی نے کہا کہ  پاکستان میں بے پناہ سرمایہ کاری کے موقع ہیں کوئی بھی سرمایہ کار ایف پی سی سی آئی سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کرسکتا ہے ۔ ہم سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے چینی گروپ سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ مائنز اینڈ منرل، سیاحت، تعمیرات ، ہائیڈرو پاور کے بہت سے منصوبے ہیں جن پر حکومت کی طرف سے بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

By Editor