اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا نیشنل پریس کلب کا دورہ۔ نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد۔

اسلام آباد (ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں ایک وفد نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، ظفر بختاوری، سعید خان، راجہ امتیار، چوہدری مسعود، خالد چوہدری، نثار مرزا، بابر چوہدری، شیخ عبدالوحید، چوہدری عرفان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
انور رضا نیشنل پریس کلب کے صدر، اظہر جتوئی سینئر نائب صدر، اے نظیر چرن، غضنفر عباس اور محترمہ مائرہ اعظم نائب صدور، خلیل احمد راجہ سیکرٹری، محترمہ نیئر علی فنانس سیکرٹری، اسلم لوڑکا، وقار عباس، طلعت فاروق اور محترمہ شکیلہ جلیل جوائنٹ سیکرٹری منتخب قرار پائے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے نیشنل پریس کلب کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بروقت معلومات فراہم کر کے اور عوام کو اہم مسائل سے آگاہ رکھ کر معاشرے کی اہم خدمت کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل کو حل کرنے اور ان کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل کو اجاگر کرنے میں مزید تعاون کرے جس سے مسائل جلد حل ہوں گے اور صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں میں چیمبر نیشنل پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر اور نیشنل پریس کلب کے مقاصد مشترکہ ہیں کیونکہ دونوں ادارے اپنے ممبران کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں کے دورمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے تا کہ وہ مشترکہ مقاصد کے حصول اور پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کے بہتر فروغ کیلئے مزید موثر کوششیں کر سکیں۔
نیشنل پریس کلب کے نومنتخب انور رضا، سینئر نائب صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری خلیل احمد راجہ نے کلب کا دورہ کرنے اور نومنتخب عہدیداران کومبارک باد پیش کرنے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر براری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ نیشنل پریس کلب صنعت و تجارت کو درپیش اہم مسائل کو اگاجر کرنے میں تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں اداروں نے معیشت کو درپیش اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کو حل کرانے کیلئے مل کر آواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا کی آزادی یقینی بنا کر اور کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کر کے ہی پاکستان کی معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس طرف بہتر توجہ دے۔

By Editor