آئی بی پی سی برطانیہ میں پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ چوہدری رضوان سلہریا
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔محمد شکیل منیر
اسلام آباد (ویب نیوز )

برطانیہ میں قائم پاکستانی نثراد بزنس کمیونٹی کی تنظیم انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن (آئی بی پی سی) کے ایک وفد نے بانی چیئرمین چوہدری رضوان سلہریا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کے ساتھ برطانیہ میں پاکستان کی ایک سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا تا کہ برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دیا جائے۔ آئی بی پی سی کے سینئر وائس چیئرمین امیر مشتاق خان، سیکرٹری جنرل عاصم یوسف، منظور حسین، یاور فہیم، محمد اقبال، شیخ سہیل، نسیم میر اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، ہمایوں کبیر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چوہدری رضوان سلہریا نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان کی ایکسپو میں سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور دیگر شہروں سے مختلف شعبوں کی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کرنا چاہتی ہے اور کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبران بھی مذکورہ نمائش میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم برطانیہ، امریکہ، خلیجی اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ٹریننگ، نیٹ ورکنگ اور قانونی امور میں ا ن کی مدد کر کے ان کو بہتر ترقی دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو مختلف سیمینارز، نمائشوں، تقریبات اور ملٹی نیشنل کاروباری اداروں کے ساتھ میٹنگز میں شرکت کرانے کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہے تا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر کے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے آئی بی پی سی کے وفد کا مقامی تاجر برادری کے ساتھ ملاقات کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے اور چیمبر اس مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے لیے آئی بی پی سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کو بہتر فروغ دینے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی بی پی سی برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دے تا کہ وہ سی پیک سمیت یہاں دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کے لیے آئی بی پی سی کی تجویز کو سراہا اور یقین دلایا کہ چیمبر اسے کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن تعاون کرے گا۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے کم ہے لہذا انہوں نے کہا کہ چیمبر اور آئی بی پی سی دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں تاکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکے۔ دونوں جانب نے اس موقع پر باہمی دلچسپی کے کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

By Editor