فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے خانیوال چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے بھر پور تعاون کرے گا۔ عمران محمود شیخ

فیصل آباد(ویب  نیوز) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے خانیوال چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے بھر پور تعاون کرے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صد رعمران محمود شیخ نے دونوں چیمبرز کے درمیان باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر نے اس خطے میں صنعت و تجارت کے فروغ اور متعلقہ پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند سالوں تک فیصل آباد کو اس خطے میں صنعت و تجارت کے مرکز کے طور پر جانا جائے گا۔ سینئر نائب صدرنے ملکی معاشی ترقی میں خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر کے کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ شعبہ ملکی برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے مگر محدود مالی وسائل کی وجہ سے یہ شعبہ مختلف قسم کے مسائل کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر اس سیکٹر کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں خانیوال چیمبر سے بھی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں چیمبر قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کریں گے جبکہ ایک دوسرے چیمبرز کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھی مستقل رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اسی طرح خانیوال اور فیصل آباد میں متعلقہ صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے افرادی قوت کی تربیت کیلئے بھی تعاون کیا جائے گا۔ آخر میں خانیوال چیمبر کے وفد نے صدر محمد طیب ساجد کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر کے مختلف شعبے دیکھے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا

By Editor