تاجربرادری کو منی بجٹ پر تحفظات ہیں، ندیم رؤف

انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، ملک میں صنعتی زونز بنائے جائیں، میڈیا بریفنگ

راولپنڈی (ویب  نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رؤف نے کہا ہے کہ  تاجربرادری کو منی بجٹ پر تحفظات ہیں ،انٹرنیشنل چیمبرز سمٹ کے اختتام پر   گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے نو منتخب صدر عرفا ن اقبال شیخ، سابق صدر انجم نثار، پاکستان بھر سے آئے ہوئے چیمبرز صدور کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ صدور کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان نے بھی شرکت کی انہیں بھی تحفظات سے آگاہ کیا گیا اور تجاویز دیں گئیں۔مشیر تجارت رزاق داود کے مشکور ہیں جنھوں نے تفصیل کے ساتھ مسائل سنے اور تجاویز لیں،صدر ندیم رؤف نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، ملک میں صنعتی زونز بنائے جائیں، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو مراعات دی جائیں،انہوں نے کہا کہ ملکی کاروباری برادری ایک پیج پر ہے، کاروباری برادری ملکی معیشت کو چلا رہی ہے۔ ہمارامطالبہ ہے کہ ادویات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لیا جائے، بچوں کے دودھ پر 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لیا جائے، خریداروں پر شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کیا جائے عام آدمی ٹیکسوں کے بوجھ سے متاثر ہو رہا ہے،آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دیا جائے، گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ منی بجٹ کے ذریعے مہنگائی آئے گی، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات پر ٹیکسز نہ لگائے جائیں، انہوں نے کہا کہ چیمبر نے  رشوت سے انکار۔ باعزت کاروبار کی جو مہم شروع کی ہے، چیمبرز صدور کانفرنس میں تمام صدور نے اس کی توثیق کی ہے اور بھرپور سپورٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ: پوائنٹ آف سیلز پر چھوٹے دکانداروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے،پوائنٹ آف سیلز کے لئے ٹیکسز کی شرح کم کی جائے، اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ دو روزہ چیمبر ز سمٹ میں پاکستان بھر سے ساٹھ سے زائد چیمبرزصدور نے شرکت کی جس میں نو خواتین چیمبر ز، اور نو سمال چیمبرز کے صدور نے شرکت کی، کانفرنس کے موقع پر ویمن کنونشن بھی منعقد ہوا جس میں خواتین صدور نے کاروباری خواتین کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور سفارشات مرتب کیں۔ کانفرنس کے آخری روز ناشتے پر غیر ملکی سفراء کے ساتھ بھی چیمبرز صدور کی نشست ہوئی اور بیرون ملک برآمدات میں اضافے میں حائل رکاوٹوں پر تجاویز دیں گئیں،14ویں آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی تیار کیا گیا۔ جسے متعلقہ وزارتوں تک پہنچایا جائے گا۔

By Editor