پی ٹی سی ایل گروپ کا ٹی پی ایل ٹریکر کو آئی سی ٹی خدمات کی فراہمی کے لئے شراکت داری کی تجدید

کراچی (ویب نیوز )

پی ٹی سی ایل گروپ نے ملک میں صف اول کے جی پی ایس ٹریکنگ اور آئی او ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ٹی پی ایل ٹریکر کے ساتھ اپنے اہم اشتراک کے تسلسل میں مفاہمتی یاد داشت کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ اس معاہدے کے تحت ٹی پی ایل ٹریکر کو وائرلیس کنکٹویٹی اوروائس اور ڈیٹا بنڈلز فراہم کرے گا۔

اس مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کراچی میں ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ کے ہیڈ آفس میں پی ٹی سی ایل و یوفون کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر ضرار ہشام خان، ٹی پی ایل ٹریکر کے سی ای او سرور علی خان کی جانب سے دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں کئے گئے۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، ضرار ہشام خان نے کہا، "پاکستان کے سب سے بڑے اٹیگریٹڈ آئی سی ٹی ادارے کے طور پر پی ٹی سی ایل گروپ ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل کوآگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہمیں ٹی پی ایل ٹریکر کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں بہتر کارکردگی اور مہارت میں اضافے کے لئے انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) سہولیات متعارف کرائی جائیں گی۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں جدت بدستور پی ٹی سی ایل گروپ کے لئے اہم ترجیح ہے اور ہماری کاروباری سہولیات چھوٹے، درمیانی اور بڑے کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کے قابل بنائیں گی اور ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو عملی شکل دیں گی۔”

اس موقع پر ٹی پی ایل ٹریکر کے سی ای او، سرور علی خان نے کہا، "پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ اپنی شراکت کی تجدید سے ہمیں ملک بھر میں رسائی اور کنکٹویٹی کی کوریج پہنچانے میں مدد ملے گی۔ اسکی بدولت ایک ادارے کے طور پر ڈیجیٹل میپنگ اور آئی او ٹی سے متعلق اشتراک میں قابل ذکر اضافہ لایا جائے گا۔ مقامی مسائل کے حل کے لئے دوسروں کے مقابلے میں مقامی ادارے ہی بہتر انداز سے نمٹ سکتے ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ اپنے مستقبل کے کاروباری مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ ٹی پی ایل ٹریکر ملک بھر میں وسیع اقسام کے صارفین کو اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی میں یقین رکھتا ہے۔”

گزشتہ سالوں کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے انفرادی اور کاروباری صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے انفراسٹرکچر اور خدمات کے پورٹ فولیو کو وسیع اور جدید بنانے کی پائیدار کاوشوں کا بیڑا اٹھایا ہے۔ قومی مواصلاتی ادارے کے طور پر گروپ ڈیجیٹل سہولیات میں بہتری لانے کے لئے آئی سی ٹی اداروں کے ساتھ اہم شراکت داریاں قائم کرتا ہے اور حکومت پاکستان کے ‘ڈیجیٹل پاکستان’ ویژن کی تکمیل کے لئے ڈیجیٹل انقلاب لانے میں پیش پیش ہے۔

جی پی ایس، جی ایس ایم اور سیٹلائٹ موبائل ایسٹ ٹریکنگ مینجمنٹ اور انفارمیشن سے منسلک اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر ٹی پی ایل ٹریکر ملک میں ڈیجیٹل جدت لانے کے پی ٹی سی ایل کے عزم پر بہترین انداز سے کام کررہا ہے۔ کمپنی کے کار ٹریکنگ یونٹس، سافٹ ویئر، آپریشنل اور پروجیکٹ مینجمنٹ کی مہارت، سامان کی تنصیب، ڈیٹا کا جائزہ اور کنسلٹنسی سے کاروباری صارفین کے لئے جدید سہولیات میسر آئیں گی اور انکی اہمیت میں قابل ذکر اضافہ ہوگا۔

By Editor