صدر مملکت کی عمان چیمبر کے چیئرمین کی قیادت میں تجارتی وفد سے گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمان کے سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ عمانی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان کی آزاد اور سرمایہ کاری دوست پالیسی سے استفادہ کریں،پاکستان کی سازگار کاروباری پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ،پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز قائم کئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین انجینئر ریدھا جمعہ محمد الصالح کی قیادت میں تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، جنہوں نے ان سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت عمانی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں سہولت فراہم کرے گی، تجارتی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے، ملاقات میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا گیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ عمانی وفد نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔وفد نے تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ،فریقین نے برادر ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

By Editor