یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر دستیابی کو یقینی بنائیں، عمران خان

زراعت میں بہتر میکانائزیشن متعارف ہونے سے انقلاب برپا ہو جائے گا

وزیراعظم کا ملک میں زرعی اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(ویب  نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر اس کی دستیابی کو یقینی بنائیں،زراعت میں بہتر میکانائزیشن متعارف ہونے سے انقلاب برپا ہو جائے گا ۔وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں زرعی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران یوریا کھاد سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے افراد کے خلاف انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تجارتی پیمانے پر زیتون کی کاشت اور جھینگوں کی فارمنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سے برآمدات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، کسان کارڈ کے اجرا سے کسانوں کو مشینری اور زرعی سامان خریدنے میں سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کپاس، گندم اور چاول جیسی بڑی فصلوں میں تحقیق کے لیے پنجاب اور کے پی میں سنٹرز آف ایکسیلینس قائم کرنے اور مویشیوں کی افزائش اور دودھ کی پیداوار بہتر بنانے کیلئے بچھڑے کی پرورش کے مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ  یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر اس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

By Editor