بڑے جائیداد ٹیکس نادہندہ گان سے ٹیکس وصولی کے لئے اسپیشل ریکوری ٹیمیں تشکیل

پانچ لاکھ روپے یا اس سے زائد جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی

کراچی (ویب  نیوز) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی آمور و خوراک مکیش کمار چاو لہ نے کہا ہے کہ بڑے جائیداد ٹیکس نادہندہ گان سے ٹیکس وصولی کے لئے اسپیشل ریکوری ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں اور پانچ لاکھ روپے یا اس سے زائد ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف جرمانوں کے نفاذ کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عاطف رحمان، ڈائریکٹر جنرلز اقبال احمد لغاری اورنگزیب اکبر پنہور، ڈائریکٹر ٹیکسز پراپرٹی-ون ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاو لہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رواں مالی سال میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کے اہداف کے حصول کے لئے سخت محنت کریں۔ جو افسران اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے ان کے خلاف تادیبی کاروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ جائیداد ٹیکس پر مامور تمام ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران اپنے متعلقہ نیشنل بنک کی شاخوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ون لنک کے ذریعے ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی آمور و خوراک مکیش کمار چاو لہ نے کہا کہ یہ ہماری بنیادی ذمداری ہے کہ قومی خزانے میں ریونیو جمع کروانے کے لئے انتھک محنت کریں تاہم ٹیکس وصول کرنے کے سلسلے میں قانونی تقاضوں کو ملحوظ رکھا جائے۔ انہوں نے جائیداد ٹیکس نادہندہ گان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکسز فوری طور پر جمع کروا دیں تاکہ انہیں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

By Editor