تاجر برادری لبنان کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ دے۔ سلمان اطہر
نجی شعبوں کے درمیان روابط قائم کر کے باہمی تجارت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز  )

لبنان کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور پاکستان و لبنان کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تاجر برادری کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری لبنان کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ لبنان کے ساتھ کاروباری تعلقات بہتر کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
سلمان اطہر نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تجارتی سفارت کاری پر توجہ دے رہی ہے اور برآمدات کے فروغ کے لیے غیر ملکی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک فعال اپروچ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی صورتحال کے پیش نظر وہ پاکستان اور لبنان کی کاروباری برادریوں کے درمیان آن لائن ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ وہ براہ راست ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کر کے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تعمیرات، سیاحت، توانائی اور تعلیم سمیت دیگر کئی شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے سلمان اطہر کو لبنان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بہتر کرنے کے بارے میں مفید تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جن میں ماربل و گرینائٹ، آم، فارماسوٹیکل، آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، ٹیکسٹائل مصنوعات، قالین اور گلابی نمک وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی سفارتخانہ لبنان میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے اورپاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ ایسی معلومات شیئر کرے تاکہ تاجر برادری لبنان کے ساتھ تجارت کے ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروبار شراکتوں کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے بھی سفارتخانہ اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے سلمان اطہر کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کااظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے انہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد نوید ملک سابق سینئر نائب صدر، محمد شبیر، اختر حسین، سعید خان، چوہدری اشرف فرزند اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لبنان کے ساتھ تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے کئی شعبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے تجارتی وفود کے متواتر تبادلوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

By Editor