یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات کے لیے مہم کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک)

ملک میں چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے سب سے بڑے اتحاد یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے آئندہ انتخابات میں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے منگل کو بھر پور طریقے سے مہم کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ یو بی جی کے چیئرمین  افتخار علی ملک نے انتخابی مہم کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے 90 فیصد ووٹرز نے ہمارے پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ملک گیر مہم کے دو کامیاب راؤنڈز کے نتیجے میں یو بی جی امیدوار محسن مقبول سندھ سے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوئے ہیں جو گروپ کی زبردست مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے کہا کہ یو بی جی انتخابات میں کلین سویپ کرے گا کیونکہ چیمبرز اور وابستہ ایسوسی ایشنز نے ملک بھر میں سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں یو بی جی کی دانشمندانہ پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کو پیش کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات تیار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ مزید یہ کہ تمام چیمبرز اور منسلک ایسوسی ایشنز کے دو کنونشن منعقد کئے جائیں گے تاکہ ان کے مسائل کو حل اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ نائب صدر کی نشستوں کے لیے تمام امیدواروں نے بھی اجلاس کو اپنی انفرادی کوششوں اور انتخابی مہم کے نتائج سے آگاہ کیا۔ افتخار علی ملک نے کامیاب مہم کی رفتار پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئیکہا کہ وہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بزنس کمیونٹی کی خدمت جاری رکھیں گے۔

By Editor