سعودی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار
پاکستانی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی’ پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل ‘ صالح محمد
سعودی سرمایہ کارمختلف شعبوں میںموجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے بھرپور  فائدہ اٹھا سکتے ہیں’ قربان علی
(ویب نیوز )  اسلام آباد
سعودی سرمایہ کاروں کے وفداور ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل صالح محمدخان کا ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ ۔ قربان علی چیئرمین کیپٹل آفس، سابق نائب صدور شاہد الرحمن، محمد علی قائد سمیت اسلام آباد’ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چیمبرز و ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے ملاقات ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر بنانے ۔ اقتصادی زونز، سی پیک، بجلی ، ہوٹلنگ، سیاحت، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ۔ سعودی سرمایہ کار فارس الفواد، نائف فواد المشہری ، قائد الفوادالمطہر المشہری نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے سعودی تاجر فارس الفواد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک اور قریبی دوست ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لایا جائے تا کہ تاجر برادری آپس میں براہ راست ملاقاتیں کر کے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر یں۔پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہت گنجائش موجود ہے،
ہم باہمی معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے اور اس مقصد کیلئے مزید دورے کریں گے۔مسلم ممالک کے تعلقات میں فروغ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قومی سمبلی کے پارلیمانی سیکرٹری و ممبر قومی اسمبلی صالح محمد خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ  تعلقات پر فخر کرتے ہیں۔ پاکستان آنے پر سعودی سرمایہ کاروں کے شکر گزار ہیں۔ پاکستانی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی۔اس دورہ سے امت مسلمہ میں اتحاد اور باہمی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی کیلئے جو خدمات ادا کر رہا ہے وہ لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں ناصر حیات مگو، خواجہ شاہ زیب اکرم اور قربان علی کی یہ خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔ اس موقع پر قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین ملک ہے اور سعودی سرمایہ کارمختلف شعبوں میںموجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے بھرپور  فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے درمیان ملاقاتوں کا باقاعدہ تبادلہ ہونا چاہئے اس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ہمارا حقیقی دوست اور برادر ملک ہے اور ہر پاکستان سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات میں منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اپنے سعودی تاجر بھائیوں کو ہر ممکن تعاون و معاونت فراہم کرے گا ۔

By Editor