مظفر آباد(ویب نیوز  )

بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے انسانی وسائل(ہیومن ریسورس) کی غیر معمولی اہمیت سمیت عملے کی لگن، محنت اور ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے التوا کے شکار ترقیابی معاملات یکسو کر دیئے اوراعلیٰ کارکردگی دکھانے والے با صلاحیت افسران کی پذیرائی اور حوصلہ افزائی کے لئے انہیں اگلے گریڈ میں ترقیاب کیا گیا۔ایگزیکٹو کیڈر میں ترقیاب ہونے والوں میں ایگزیکٹو وائس پریذئڈنٹ، سینئر وائس پریذیڈنٹ، وائس پریذیڈنٹ، اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ شامل ہیں جب کہ پرموشن کے منتظر آفیسران کو گریڈ ون، آفیسر گریڈ ٹو،آفیسر گریڈ تھری اورآفیسر گریڈ فور کے طور پر ترقیاب کیا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بینک عملے کے اعتماد کو فروغ دینے کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیابیاں کی گئیں۔

جس سے سال 2021 بینک میں انسانی وسائل کی ترقی اور عملے کی ترقیابی کا سال بن گیا۔ صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید کا کہنا تھا کہ ہیومن ریسورس کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتا ہے اور اس کی حوصلہ افزائی سے کامیابی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنے اور خوش اسلوبی سے پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دینے والے عملے کو ریوارڈز دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر خاص طور پر وزیر خزانہ، ان لینڈ ریونیو و امداد باہمی جناب عبد الماجد خان جو کہ بینک کے چیئرمین بھی ہیں، کی رہنمائی میں بینک ایک ٹیم کی طرح منظم انداز میں کاروباری اہداف حاصل کرنے میں مصروف ہے اور ریاست کے اس واحد مالیاتی ادارے کو صف اول کے بینکوں میں شامل کرنا ہمارا مشن بن چکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ادارے میں انسانی وسائل کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

By Editor