میزان بینک اسٹیٹ بینک کی اسلامک ایس ایم ای آسان فنانس اسکیم کا آغاز کرنے والا ملک کا پہلا بینک بن گیا

کراچی (ویب ڈیسک)

پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا اسلامی بینک میزان بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(SMEs)  کیلئے اسٹیٹ بینک کی اسلامک ایس ایم ای آسان فنانس اسکیم (I-SAAF) کا آغاز کرنے والا ملک کا پہلا بینک بن گیاہے۔ اس سلسلے میں ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام، ملتان چیمبر آف کامرس کے صدر خواجہ محمد حسین،اسٹیٹ بینک کی سینئر قیادت اور بزنس کمیونٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ اس اسکیم کے تحت میزان بینک 9فیصد سالانہ کی سبسڈی شرح پر صارفین کو ایک کروڑ روپے تک کی مختصر اور طویل المدّتی شریعہ کے مطابق فنانسنگ کی سہولیات فراہم کرے گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یہ اسکیم متعارف کرائی ہے اوراس کیلئے شفاف بڈنگ کے ذریعے 8 بینکو ں کا انتخاب کیا گیاتھا۔ 8بینکوں میں میزان بینک بھی شامل تھا جس کا مجموعی پروگرام میں بڑا حصہ تھا۔ان بینکوں میں واحد اسلامی بینک میزان بینک اسلامی بینکنگ کو اوّلین ترجیح بنانے کے اپنے وژن کے مطابق متبادل شریعہ کمپلائنٹ خدمات فراہم کرتاہے۔اسٹیٹ بینک کی اسلامک ایس ایم ای آسان فنانس اسکیم (I-SAAF)ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(SMEs) کو فنانسنگ تک رسائی فراہم کرے گی جو سرمایہ ہونے کے باوجود ضمانت یادیگر شرائط کی وجہ سے فنانسنگ حاصل نہیں کرسکتے تھے۔اس موقع پر اس اسکیم کے تحت ایس ایم ایز میں چیک تقسیم کرتے ہوئے میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے اس اسکیم کو کامیاب بنانے اور صارفین کیلئے درخواست کے عمل کو فوری اور سہولت کے ساتھ یقینی بنانے کیلئے انسانی وسائل اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر عارف الاسلام نے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کو مومنٹو پیش کیا۔

By Editor