کراچی(ویب  نیوز)

وفاقی ادارہ شماریات نے کہاہے کہ نومبر 2021 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.74 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا، امریکا اور یورپی ممالک میں لاک ڈائون نہ لگا تو برآمدات 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ نومبر 2021 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.74 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 5 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 28 فیصد اضافے سے 7.8 بلین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ ماہ اکتوبر کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ رہیں، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور ریڈی میڈ گارمنٹس میں اکتوبر کی نسبت 11 فیصد اضافہ ہوا، بیڈ ویئر کی 9 فیصد اور تولیے کی برآمدات میں 28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ سال کی نسبت نومبرکی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات نے کہاکہ ویلیو ایڈڈ سیکٹر میں نمایاں ریکوری ریکارڈ کی گئی، گزشتہ سال کی نسبت بیڈ ویئر میں 32 اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 27 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق امریکا اور یورپی ممالک میں لاک ڈان نہ لگا تو برآمدات 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

By Editor