اپناکاروبار شروع کرنے کیلئے بینک نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں۔ شکیل منیر
آئی سی سی آئی کے تعاون سے نوجوانوں میں انٹرپرینورشپ کو فروغ دیں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلام

اسلام آباد (ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے مزید سازگار پالیسیاں بنائے جس سے خود روزگار میں اضافہ ہو گا، بے روزگاری و غربت کم ہو گی اور معیشت پائیدار ترقی کی طرف بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام شروع کر کے ایک قابل تعریف اقدام اٹھایا ہے کیونکہ اس سے نوجوانوں کو کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کمرشل بینکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں تا کہ اپنا کاروبار شروع کر کے وہ ایک خوشحال مستقبل حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرپرینیور شپ گالا میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محمد شکیل منیر نے اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کے نائب صدر ڈاکٹر محمد اسلام کے ہمراہ انٹرپرنیورشپ گالا میں طلباء کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے طلباء کو کامیاب انٹرپرینیور بننے کے لیے بہت سے مفید مشورے دیے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبہ اپنا کر طلبا نہ صرف اپنے لیے ایک خوشحال کیرئیر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ وہ دوسروں کو روزگار فراہم کر کے غربت و بے روزگاری کو کم کر سکتے ہیں اور ملک کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر طلبا و طالبات کو مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے یر اقراء یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
انٹرپرینیورشپ گالا کا بنیادی مقصد طلباء اور شرکاء میں خود روزگار اور کاروبار کے مواقعوں کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنا تھا تا کہ وہ روزگار کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کو ترجیح دیں جس میں ان کیلئے ترقی کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ طلباء نے اس موقع پر متعدد منفردبزنس آئیڈیاز پیش کیے جن کو حاضرین میں بہتر پذیرائی ملی۔
محمد شکیل منیر نے یونیورسٹی کے ریسرچر زکو صنعتوں کا دورہ کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ وہ صنعتوں میں جا کران کی ضروریات کو سمجھ سکیں اور انہیں توانائی کی بچت، توانائی کا بہتر استعمال کرنے اورپیداوری صلاحیت میں اضافہ سمیت صنعتوں کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے بہتر حل فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو آٹیفیشل انٹیلیجنس تکنیک پر خصوصی توجہ دینی چائیے کیونکہ دنیا میں آرٹیفشیل انٹیلیجنس تکنیک استعمال کرنے والے ممالک بہت سے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔
اقراء یونیورسٹی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد اسلام نے کہا کہ یونیورسٹی میں بزنس پلان مقابلوں کا انعقاد کر کے نئے کاروباری آئیڈیاز تیار کرنے میں طلباء کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور کہا کہ تاجر برادری کی رہنمائی سے ان نئے آئیڈیاز کو مزید بہتربنایا جا سکتا ہے اور انہیں قابل عمل تجارتی کاروباری آئیڈیاز میں تبدیل کیاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لئے باقاعدگی سے مختلف پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلام نے کہا کہ اقرا یونیورسٹی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مل کر فیشن ڈیزائن اور ٹیکسٹائل میں طلباء کے مختلف پراجیکٹس کی نمائش کے لئے ایک نمائش کا انعقاد کریں گے۔

By Editor