ماسٹرکارڈ کی کیش لیس اکنامک زون کی تعمیر کیلئے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ شراکت داری

کراچی (ویب نیوز )

ماسٹر کارڈ نے پاکستان کی راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی(روڈا) کے ساتھ کمیونٹی کی کیش لیس اکنامک زون میں تبدیلی اور ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
اس تعاون سے ماسٹر کارڈ رہائشیوں،تاجروں اور اداروں کو ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے آسانی اور بناء رکاوٹ جوڑنے کیلئے اربن ڈیولپمنٹ پراجیکٹ میں اپنا اسمارٹ سٹی سالوشن تعینات کرے گا۔شہری خود کار پورٹلز کے ذریعے اپنی روزمرہ کی ادائیگیاں اور بلز و یوٹیلیٹی خدمات کی ادائیگیا ں بھی کرسکیں گے۔
اس شراکت داری کے ذریعے فیس وصولی اور دیگر انتظامی خدمات سمیت دیگر مختلف پراسیس کیلئے روڈا کی کارکردگی میں افادیت پیدا ہوگی،روڈا صوبے کے شہری علاقوں کو معاشی ترقی کے قابل رہائش اور بہترین انتظامات پر مشتمل مستحکم علاقے بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ماسٹر کارڈ اس کے حصول میں روڈا کی مدد کرے گا اور کمیونٹی کے بلیو پرنٹ کے اندر کیش لیس فریم ورک قائم کرے گا۔
ماسٹر کارڈ مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے ڈویژن پریزیڈنٹ خالد الجبالی نے اس حوالے سے کہا کہ ”پاکستان ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو اپنا رہا ہے اور ماسٹر کارڈ اس اسٹریٹجک پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ہم ملک کے اقتصادی انفرا اسٹریکچر کو ڈیجیٹل بنانے اور شہریوں و کمیونٹیز کو رکاوٹوں سے پاک اسمارٹ سٹی کے تجربے کی فراہمی کیلئے حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں ملکر کام کررہے ہیں۔روڈا کے ساتھ یہ تعاون ایک کیش لیس کمیونٹی کو سہولت،سادگی اور سلامتی کے ساتھ مضبوط بنانے کے سفر میں سنگ میل کا لمحہ ہے۔“
روڈا کے سی ای او عمران امین کا کہنا تھا کہ”ماسٹر کارڈ دنیا بھر کے متعدد اقتصادی مراکز میں کیش لیس کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے حوالے سے شاندار ٹریک ریکارڈ رکھتا ہے۔ہم اس مہارت کی قدر کرتے ہیں جو وہ اسمارٹ اکنامک سالوشنز کی حفاظت اور لچک کے ساتھ راڈا کیلئے لائینگے،یہ تعاون مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ خطہ میں ایک ترقی پذیر ڈیجیٹل مرکز کے طور پر پاکستان کی ترقی کا ثبوت ہے۔“
یہ تعاون ماسٹر کارڈ کے پاکستان بھر میں ڈیجیٹائزیشن کے کلیدی کردار کے طور پر اسٹریٹجک شراکت داریوں کی سیریز میں تازہ ترین ہے۔اس سے قبل رواں برس ماسٹر کارڈ نے ملک کے پہلے کیش فری زونز کی تیاری اورملک کے ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زون کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔

By Editor