آئی سی سی آئی نے پریانتھا کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سری لنکا کے ہائی کمشنر کو دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا

اسلام آباد (ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور تاجر برادری کی طرف سے سیالکوٹ میں پریانتھا کے قتل کے افسوس ناک واقعہ پرہائی کمشنر کے ساتھ انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وفد میں چیمبر کے سنیئر نائب صدر جمشید اختر شیخ،نائب صدر محمد فہیم خان، آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر میاں محمد اکرم فرید اور چیمبرکے سابق صدر اور آئی سی سی آئی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین ظفر بختاوری شامل تھے۔
اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے پریانتھا کے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے  وائس ایڈمرل موہن وجیوکرما کو دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور امید کا اظہار کیا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
شکیل منیر نے کہا کہ کہ تاجر برادری اس ناخوشگوار واقعے کی پرزور مذمت کرتی ہے اور کہا کہ پاکستان ایک پرامن قوم ہے لیکن اس طرح کے واقعات سے پاکستان کا سافٹ امیج خراب ہوتا ہے اور اس طرح کے واقعات مستقبل میں نہیں ہونے چایئے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت نے اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا ہے تاہم اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سوگوار خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی پرزور دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری مسٹر پریانتھا کے خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی باقی زندگی آرام سے گزار سکیں۔
شکیل منیر نے ہائی کمشنر کے ساتھ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو چیمبر کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود اور کاروباری معلومات کے تبادلے سے دو طرفہ تجارت کو مذید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مختلف نمائشیں منعقد کرنے کا پروگرام بنا رہا ہے اور کہا کہ سری لنکا کے تاجروں کو ان نمائشوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر عزت مآب وائس ایڈمرل موہن وجیکرما نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا تاہم امید ظاہر کی اس واقعہ سے پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارتی اور باہمی تعلقات متاثر نہیں ہونگے انہوں نے مالی اور اخلاقی مدد فراہم کرنے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ توقع ہے کہ اگلے سال فروری میں سری لنکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور پاکستانی تاجر برادری کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کرائی جائیں گی۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے لواحقین کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم غیر ملکی شہریوں کا بہت احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اچھے تجارتی اور سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات سرکاری اور نجی شعبے کی سطح پر مزیدمستحکم ہوں گے۔
آئی سی سی آئی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین ظفر بختاوری،سنیئر نائب صدرجمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے بھی پریانتھا کے خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سری لنکا کے ساتھ اچھے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

By Editor