یو بی جی کے محسن مقبول شیخ سندھ کی نشست سے بلامقابلہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منتخب

بزنس مین پینل کو پورے صوبے میں کوئی امیدوار نہیں مل سکا،ایف پی سی سی آئی کا الیکشن بھاری اکثریت سے جیتیں گے، افتخار علی ملک، ایس ایم منیر، محسن مقبول شیخ

لاہور (ویب  نیوز)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے محسن مقبول شیخ  سندھ نشست سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہو گئے۔ منگل  کو چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے محسن مقبول شیخ  کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے صوبہ سندھ کے تمام چیمبرز نے تعلیم یافتہ اور خدمت کے جذبے سے سرشار شخص کو اپنا قائد منتخب کرکے گروپ کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو مقامی، صوبائی اور قومی سطح پر کاروباری برادری کی بھر پور خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر گروپس کے ساتھ یو بی جی کا اتحاد مثبت نتائج برآمد کرے گا اور ملک بھر میں فیڈریشن کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، کے پی کے، سندھ اور بلوچستان کے 80 فیصد رائے دہندگان نے یو بی جی کے پورے پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ بزنس مین پینل کو پوری کوشش کے باوجود محسن مقبول شیخ  کے مقابلے میں پورے صوبے میں کوئی امیدوار نہیں مل سکا کیونکہ تاجروں اور چیمبرز نے سبکدوش ہونے والے ناصر حیات مگوں  کی پالیسیوں اور ان کے ون مین شو کو مسترد کردیا ہے۔ بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہونے والے نائب صدر  نے تمام ووٹرز اور حامیوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ان کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہوگی۔ وہ گروپ پالیسیوں پر کار بند رہیں گے جن کا بنیادی مقصد کاروباری برادری کی بہتری و خوشحالی اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔

By Editor