حکومت ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے، زبیرطفیل

مخالف گروپ کا صدارتی امیدوارفیڈریشن الیکشن کیلئے نااہل قرارہوگیا، کسی کو بھی دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،صدر یو بی جی

کراچی (ویب  نیوز)یونائٹیڈ بزنس گرو پ(یو بی جی)کے صدر زبیرطفیل نے کہا ہے کہ ہم   اپنے گروپ لیڈران ایس ایم منیر اورافتخار علی ملک کی ہدایت پر ملک بھر کے چیمبرزآف کامرس اور تجارتی ایسوسی ایشنز کے دورے کررہے ہیں اور ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے یو بی جی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، 30دسمبر کا دن ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یو بی جی کے نام ہوگا اور 31دسمبر کا سورج یونائٹیڈ بزنس گروپ کیلئے فتوحات کا پیغام لائے گا۔زبیرطفیل نے  ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یو بی جی کے نامزد کردہ امیدواروں سے گفتگو میں کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے اورایکسپورٹ وامپورٹ کیلئے حکومت کوخصوصی پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال بار بار کیوں بگڑتی ہے اس جانب  توجہ دینے کی ضرورت ہے  ،حکومت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ہی کامیابی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ،سینئرنائب صدر کیلئے امیدوار محمدحنیف گوہر اورنائب صدور کیلئے بہترین امیدواروں کا گلدستہ پیش کیا ہے اور ہمارے تمام امیدوار کامیاب ہوکر حکومت کو ملکی اکنامی کی مضبوطی اور تاجروں وصنعتکاروں کے بہتر مستقبل کیلئے مثبت تجاویز حکومت کو پیش کرینگے ۔ زبیرطفیل نے کہا کہ حکومت کو دستیاب قومی وسائل اور مواقعوں کو استعمال کرنا چاہیئے اورحکومت  پالیسیوں کو مرتب کرتے وقت اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی حاصل کرے تاکہ خامیوں سے پاک پالیسیاں نافذ کی جاسکیں۔زبیرطفیل نے سال2022 کے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ  مخالف گروپ کا صدارتی امیدوارفیڈریشن الیکشن کیلئے نااہل قرارہوگیا  جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ فیڈریشن پر قابض گروپ بدیانتی کے ذریعہ کامیابی حاصل کرتا رہا ہے لیکن اب کسی کو بھی دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،  فیڈریشن میں دھاندلی سے مصنوعی کامیابی حاصل کرنے والے گروپ بزنس مین پینل کو 30دسمبر 2021کے الیکشن میں عبرتناک شکست ہوگی ، ہم شرافت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ ہم دست وگریبان ہونے والے لوگ نہیں لیکن اس بار دھونس ودھمکی اوراسلحہ کے زور پر نتائج تبدیل نہیں کئے جاسکتے۔

 

By Editor