مرزا عبدالرحمن سے اسلام آباد چیمبر کے وفد کی ملاقات
وفد کا ایف پی سی سی آئی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار ، بزنس کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف
بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ ، صنعت و تجارت کی ترقی ترجیحات ہیں ‘ مرزا عبدالرحمن
اسلام آباد( ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی مرزا عبدالرحمن سے اہم ملاقات ۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کام کرنے اور ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال۔ ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار ۔ وفد کی مرزا عبدالرحمن کو بزنس مین پینل کیساتھ ہر ممکن تعاون اور انتخابی مہم میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے گزشتہ روزبزنس مین پینل کے چیئرمین لیگل سیل و چیف کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی مرزاعبدالرحمن سے ملاقات کی ۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر کے اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ کے چیئرمین عابد خان ، میاں بشارت کاکا خیل، آغا احتشام، شاہد امجد، محمد سعید آرائیں ، راجہ محمد نصیر ، عبدالمالک ، چوہدری اکرم ، کاشف عباسی ، خان آصف خان ، محمد شاکر ودیگر شامل تھے ۔

وفد نے ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت صدر میاں ناصر حیات مگو، سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم ، چیف کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ، چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ عابد خان نے کہا کہ اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کو بزنس مین پینل کی قیادت پر فخر ہے اور بزنس کمیونٹی کی خدمت، مسائل کے خاتمہ ، ملکی معیشت کی ترقی اور کاروبار کے فروغ کیلئے ہم بزنس مین پینل کے شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات قریب ہیں تو انہیں چاہیے کہ بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے ادارے پر قبضہ کرنے، فنڈز کو عیاشیوں کی نذر کرنے اور بزنس کمیونٹی کے حقوق کا سودا کرکے ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں کا محاسبہ کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے حقوق کے علمبردار اور ان کے حقوق کیلئے بے خوف و خطر ہر محاذ پر بابنگ دہل جنگ لڑنے والے بزنس مین پینل کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ اس موقع پربزنس مین پینل کے ترجمان و چیئرمین لیگل سیل مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ بی ایم پی نے ہمیشہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے حقوق کی بات کی ہے بزنس مین پینل نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں نہ صرف ایف پی سی سی آئی کا وقار بحال کیا بلکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کی ۔ کرونا وباء جیسے نامساعد حالات میں بھی بزنس مین پینل نے اپنی کاروباری برادری کو تنہا نہیں چھوڑا جبکہ اس کے برعکس یو بی جی نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو مد نظر رکھا۔ جعلسازی و دو نمبر طریقوں سے ایف پی سی سی آئی پر قبضہ کرنے کی ناکام کوششیں کرتے رہے ہیں مگر بزنس مین پینل نے پہلے بھی ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی بزنس کمیونٹی کے تعاون سے ناکام بناتا رہے گا ۔ مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ بزنس مین پینل کا مشن صرف پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خدمت، مسائل کے خاتمہ ، صنعت و تجارت کی ترقی ، سرمایہ کاری کا فروغ ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی بزنس مین پینل کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ پاکستان اور بزنس کمیونٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

By Editor