ایم ایم بی ایل کا یو ایس ایس ڈی چینل کے ذریعے نان اسمارٹ فون صارفین کی سہولت کے لئے وی آر جی سے اشتراک

اسلام آباد (ویب نیوز )

پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک، موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے بینکنگ صارفین کے لئے معروف موبائل فنانشل سروسز پلیٹ فارم اور پاکستان کے واحد کمرشل لائسنس تھرڈ پارٹی سروس پروائیڈر (ٹی پی ایس پی) ورچوئل ریمیٹنس گیٹ وے (وی آر جی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس اشتراک کے تحت ایم ایم بی ایل کے نان اسمارٹ فون صارفین بذریعہ ان سٹرکچرڈ سپلیمنٹری سروس ڈیٹا (USSD) چینلز اپنے بینک اکاؤنٹس کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔ صارفین کی جانب سے موبائل بنڈلز اور پری پیڈ بیلنس کی رقم چیک کرنے کے لئے یو ایس ایس ڈی چینل کو بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

اپنی تکنیکی مہارت کے ذریعے وی آر جی نے ایم ایم بی ایل کے یو ایس ایس ڈی چینلز کے ساتھ کام کرنا شروع کردیا ہے جس کی بدولت ایم ایم بی ایل کے ایسے صارفین اپنے فون پر پورے ہفتے 24 گھنٹے کسی بھی وقت بینکنگ خدمات استعمال کرسکتے ہیں جن کے پاس 3G، 4G، وائی فائی، یا انٹرنیٹ کنکشنز نہیں ہوتے۔ یو ایس ایس ڈی چینلز کے تعاون کی بدولت ایم ایم بی ایل کے نان اسمارٹ فون صارفین ڈیٹا یا انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر ہی اپنا بینک بینلس، بینک اسٹیٹمنٹ، فنڈز کی منتقلی، یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی جیسے امور سرانجام دے سکیں گے۔ یہ اقدام ابتدائی مرحلے میں ایک ماہ کے لئے آزمائشی طور پر سرانجام دیا جائے گا اور اسکے بعد جنوری میں اسے تجارتی بنیادوں پر متعارف کرایا جائے گا۔

ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او، غضنفر عزام نے اس اہم اشتراک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "معاشرے میں سہولیات سے محروم وسیع اقسام کے صارفین کے لئے ہم اپنی مالیاتی خدمات میں توسیع لانے کے لئے پرعزم ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ، ایم ایم بی ایل خصوصی طور پر تیار کردہ اپنی وسیع مالیاتی جدید مصنوعات اور خدمات کے ذریعے ملک بھر کے لاکھوں صارفین تک کامیابی سے رسائی حاصل کرچکا ہے۔ وی آر جی کے اشتراک سے ایم ایم بی ایل کا منصوبہ ہے کہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی رسائی فراہم کرکے تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے اور مالیاتی خلا کو بھر کر پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں بڑی تبدیلی لائی جائے۔”

ایم ایم بی ایل کے چیف فنانس اینڈ ڈیجیٹل آفیسر، سردار محمد ابوبکر نے کہا، "ایم ایم بی ایل بینکنگ سے محروم اور پسماندہ طبقوں بالخصوص ایس ایم ایز اور کاروباری خواتین کو اپنے وسیع ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے ذریعے مالیاتی خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے ہم مطلوبہ ضرورت کے مطابق اپنی مصنوعات اور خدمات کے ساتھ یو ایس ایس ڈی چینلز کے ملاپ سے ترقی کے عمل میں تیزی لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان خدمات کی بدولت نہ صرف بڑے پیمانے پر افراد بااختیار ہوں گے بلکہ انہیں پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں بھی مثبت انداز سے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔”

اس موقع پر وی آر جی کے سی ای او، محمد سلمان علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "بینکنگ میں صارف کی مرکزی اہمیت ہے اور یہ اشتراک ڈیجیٹل بینکنگ کی جانب ایک قابل ذکر قدم ہے جس سے تمام کاروباری شعبوں میں صارف کے استعمال پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ یونیفائیڈ یو ایس ایس ڈی سروس کی فراہمی سے نہ صرف بینکنگ نظام میں صارف کا استعمال بڑھے گا بلکہ ایم ایم بی ایل کی ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی رسائی ان صارفین تک بڑھے گی جو پہلے ڈیجیٹل بینکنگ سے محروم ہیں۔”

موبی لنک مائیکروفنانس بینک ملک بھر میں صف اول کے ڈیجیٹل بینکنگ اقدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ بینک عوام کو ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی رسائی، آسانی اور جدت کی فراہمی کے ذریعے مالیاتی سہولیات کو فروغ دے رہا ہے۔

By Editor