ینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ”نکیال“میں نئی برانچ کھل گئی،بینکنگ خدمات شروع
ریاستی بینک کی برانچز کی ڈائمنڈ جوبلی مکمل، تعداد بڑھ کر75ہو گئی، صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی
2021کے دوران نکیال،پنتھال،سماہنی، اسلام نگر اورمسلم آباد میں 5نئی برانچزکھولنے کے بعدریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا برانچ نیٹ ورک پھیل گیا
دوردراز علاقوں میں بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے، صدر بینک خاور سعید

مظفر آباد( ویب نیوز )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے معزز صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی کے تحت ”نکیال“ میں برانچ کھول دی گئی اور اس میں بینکنگ خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔ہزاروں کی آبادی پر مشتمل اس خوبصورت علاقے میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی برانچ میں ممتاز کاروباری شخصیات سمیت عوام علاقہ نے اپنے اکاؤنٹ کھولے اور بینک کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔نکیال میں نئی برانچز کھولنے کے بعد ریاستی بینک کی برانچز کی ڈائمنڈ جوبلی مکمل ہو گئی اوربرانچز کی کل تعداد 75ہو گئی ہے۔سال 2021میں بینک کی جانب سے مزیدبرانچز کھولی جائیں گی تاکہ مزید علاقوں کے صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکاری سہولیات فراہم ہو سکیں۔بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک بینک آف آزاد جموں وکشمیرکی 5نئی برانچز کھولنے سے ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا نہ صرف برانچ نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے بلکہ آزاد ریاست کے دوردراز علاقوں میں صارفین کو بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی اور سماجی ترقی بینک کا نصب العین ہے۔ نکیال سمیت تمام علاقوں میں نئی برانچز کھولنے پر ان علاقوں کی بزنس کمیونٹی، ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے کشمیر بینک کی برانچ کھولنے پر والہانہ خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کشمیر بینک کے ساتھ بزنس کو فروغ دیں گے۔ معزز صارفین بینک کی ترقی اور کا میابی کے لئے دعا گو ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ31دسمبر2020کو بینک کی برانچز کی کل تعداد70تھی۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے رواں سال 2021کے دوران اب تک پانچ نئی برانچز کھول کر انہیں آپریشنل کیا جا چکا ہے۔جن میں پنتھال،سماہنی، اسلام نگر اورمسلم آبادشامل ہیں۔نکیال برانچ ان نئی برانچز میں تازہ اضافہ ہے۔

By Editor