نشیات کی روک تھام میں تاجر برادری حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ ڈاکٹر سید کلیم امام
منشیات کے بارے میں مضامین کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ محمد شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز  )

وفاقی سیکرٹری برائے وزارت نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن ڈاکٹر سید کلیم امام نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک نیک مقصد کیلئے ایک مختصر نوٹس پر ان کی وزارت کا دورہ کیا اور انہیں یہ موقع فراہم کیا کہ وہ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈیئر اعجاز شاہ کے عزم اور حکومتی ویژن سے ان کو آگاہ کر سکیں تا کہ خاص طور پر نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے پرعزم ہے اور تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ منشیات کی روک تھام کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، ایس ایم منیر سابق سی ای او ٹی ڈی اے پی، میاں اکرم فرید چیئرمین فاؤنڈر گروپ، عبدالرؤف عالم، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، زاہد مقبول، چوہدری وحید الدین، شیخ عامر وحید، محمد نوید ملک، سیف الرحمان خان، ضیاء خالد چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔


ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ حکومت منشیات کی تمام اقسام کے خاتمے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے کیونکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری منشیات کی تجارت کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سول سوسائٹی کو حکومت کی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے کیونکہ یہ سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی کرنے میں بھی تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے وفد کو منشیات کی طلب اور رسد کو کم کرنے، اس کی اسمگلنگ کو روکنے، آگاہی پروگرام منعقد کرنے، بین الاقوامی تعاون کے حصول اور منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے لیے اپنی وزارت کے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے حکومت اور وزارت نارکوٹکس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کیلئے بہت زیادہ خطرناک ہے اور یقین دلایا کہ تاجر برادری منشیات کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ وزارت نارکوٹکس ملک کے اہم چیمبرز آف کامرس میں باقاعدگی کے ساتھ منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پروگرام منعقد کرے اور اس مہم کا آغاز آئی سی سی آئی سے کیا جائے تاکہ تاجر برادری میں اس مسئلے کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے مزید تجویز دی کہ حکومت منشیات کے بارے میں مضامین کو سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نصاب کا حصہ بنائے تاکہ نوجوانوں کو اس کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا سکے کیونکہ یہ لعنت تعلیمی اداروں کے نوجوانوں میں پھیل رہی ہے۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، ایس ایم منیر سابق سی ای او ٹی ڈی اے پی، میاں اکرم فرید چیئرمین فاؤنڈر گروپ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملک میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہت سی مفید تجاویز پیش کیں۔

By Editor