بیرسٹر علی اشفاق نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد کے چیئرمین قربان علی سے ملاقات کی
 اسلام آباد (ویب نیوز   )پاکستان کے معروف قانون دان بیرسٹر علی اشفاق نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد کے چیئرمین قربان علی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجر برادری کے مختلف قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرسٹر علی اشفاق نے قربان علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قانونی برادری تاجر برادری کی خدمت پر فخر محسوس کرتی ہے کیونکہ تاجر اور صنعتکار قومی معاشی ہیرو زہیں۔ بیرسٹر علی اشفاق نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کو اگر کسی بھی قسم کی قانونی مدد کی ضرورت ہو تو پاکستان بھر خصوصا کراچی، اسلام آباد میں ہمیشہ ہمارا تعاون رہے گا۔ ہماری فرم تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ آخر میں انہوں نے قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کی تاجر برادری کے لیے خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قربان علی تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور معاشی فروغ کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں اور اہلکاروں کو تجاویز دے رہے ہیں۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبر جنید علی سمیت گلگت بلتستان کے تاجر و صنعتکار موجود تھے۔ چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے بیرسٹر علی اشفاق کا تاجر برادری کے لیے خدمات پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے جس کے لیے قانونی و اقتصادی مشیروں اور تاجر برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور کاروبار کرنے میں آسانیاں ہوں۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بلا سود قرضوں کی دستیابی پر زور دیا جس سے کاروبار کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی تاجر برادری کا ادارہ ہے اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

By Editor